وزیراعظم شہبازشریف کی ماضی میں اتحادی رہنے والے مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات کی اندرونی کہانی منظر عام پر آ گئی ہے جس دوران انہوں نے جمعیت علماء کے سربراہ کو ایک مرتبہ پھر ساتھ چلنے کی پیشکش کی ۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے ایک ہفتے میں ملک کے دو اہم رہنماؤں کی ملاقاتیں ہوئیں، صدر مملکت کے بعد وزیراعظم شریف بھی ملنے فضل الرحمان کےگھرپہنچےاور شہبازشریف نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مولانا سےتعاون کرنے درخواست کی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ مولانا صاحب ہم چاہتے ہیں کہ ہم دوبارہ مل کر چلیں، ہماری خواہش ہے کہ آپ پھر ہماری سرپرستی کریں۔ مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا کہ ہم تو وہیں کھڑے ہیں جہاں پہلےتھے،آپ نےہی راستہ بدل لیا ہے ۔
مولانافضل الرحمان نے وزیراعظم شہبازشریف کا رہائشگاہ آنے پر خود استقبال کیا اور دونوں رہنماوں کی ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور گلدستہ پیش کیا اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
وفاقی وزرا اسحاق ڈار، محسن رضا نقوی اور عطا تارڑ وزیراعظم کے ہمراہ تھے ، ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری ،مولانا اسعد محمود ،اسلم غوری اور دیگر جے یوآئی رہنما بھی موجود تھے۔