افغانستان میں تباہ کن زلزلے کے بعد حکومت پاکستان نے دس رکنی میڈیکل ٹیم اور ادویات افغانستان بھجوانے کا فیصلہ کرلیا لیکن اسرائیلی بمباری کا شکار غزہ کے لیے امداد بھجوانے کا فیصلہ نہ ہوسکا۔
رپورٹس کے مطابق وزارت صحت کے حکام کے مطابق افغانستان کے لیے میڈیکل ٹیم سرجنز اور میل نرسز پر مشتمل ہوگی۔ میڈیکل ٹیم میں دو دو نیورو اور آرتھوپیڈک سرجنز اور ایک جنرل سرجن پر مشتمل ہوگی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر میڈیکل ٹیم ضروری ادویات اور آلات جراحی کے ساتھ آج رات کے لیے روانہ ہوگی۔ افغان حکومت نے خصوصی طور پر میڈیکل ٹیم، فیلڈ ہسپتال، خیمے اور کمبل بھیجنے کی درخواست کی تھی۔
دوسری جانب وزارت صحت کے حکام نے کہا ہے کہ فی الحال غزہ کے لیے میڈیکل ٹیم یا ادویات بھجوانے کا فیصلہ نہیں ہوا۔ ابھی ہم غزہ میں صحت سہولیات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وزارت صحت حکام کا کہنا تھا کہ غزہ کے لیے میڈیکل ٹیم یا دوائیں بھیجنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ابھی ہم فلسطین میں صحت کی سہولیات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔