صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے پارٹی عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کی ملاقاتیں۔ عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والوں کا شناخت کرکے بہیمانہ قتل ناقابل برداشت ہے۔
اسلام آباد میں استحکام پاکستان پارٹی(آئی پی پی) کے مرکزی صدر عبدالعلیم خان سے صدر آئی پی پی خیبر پختونخوا جی جی جمال نے ملاقات کی۔ استحکام پاکستان پارٹی کے ممبر قومی اسمبلی علی اصغر بھگور ، کوٹ ادو سےسابق ایم پی اے نیاز خان گشکوری اور پارٹی کے دیگر رہنما بھی عبدالعلیم خان سے ملے۔
اس موقع پر صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان چار اکائیوں پر مشتمل ریاست ہے،یہاں رنگ و نسل کے نام پر ٹارگٹ کلنگ ناقابل برداشت ہے،صوبائی منافرت ریاست کے خلاف سازش ہے جس کا قلع قمع کرنا ہوگا الخوارج کی ایسی کارروائیوں پر ہر محب وطن کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی بلوچستان میں ایسی سرگرمیوں کی بھرپور مذمت کرتی ہے، ریاست اور سیکیورٹی ادارے ایسے عناصر کو دندان شکن جواب دیں گے۔
وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری علیم خان کا کہنا تھاکہ بلوچ اتنے ہی محب وطن ہیں جتنا کوئی اور، غلط فہمی پیدا کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں بلوچستان پاکستان کے وجود کا ناگزیر حصہ ہے ملک دشمن عناصر اپنی سازشوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔