صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے ضلع خیبر میں فتنہ الخواراج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسنز کو خراج تحسین اور آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے فوجی جوانوں کو سلام عقیدت پیش کیا گیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا سیکیورٹی فورسز نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ، فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ملک کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، مادر ِوطن کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے افواج پاکستان کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور فتنہ الخوارج کو کسی صورت ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کے ملک سے خاتمے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔