الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت دائرہ اختیار اور سپریم کورٹ کی وضاحت آنے تک کیس زیر التوا رکھنے کی پی ٹی آئی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔
تحریک انصاف کے وکیل عذیر بھنڈاری نے کمیشن کے سامنے دلائل میں کہا کہ ایف آئی اے نے چھاپا مار کر تمام ریکارڈ ضبط کر لیا تھا، ہمارے پاس اصل دستاویزات اور الیکٹرانک ریکارڈ بھی موجود نہیں۔ سپریم کورٹ نے قرار دیا پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت تھی اور ہے ۔
ممبرخیبرپختونخوا الیکشن کمیشن نے ریمارکس دیئے ہم نے یہ نہیں کہا تحریک انصاف ایک رجسٹرڈ سیاسی جماعت نہیں، ہم نے سپریم کورٹ سے پوچھا ہے انٹرا پارٹی انتخابات تسلیم ہونے تک پارٹی سرٹیفکیٹ کس کے تسلیم کیے جائیں۔
پی ٹی آئی وکیل نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کیا جائے تو وضاحت ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے دائرہ اختیار کا فیصلہ کرے۔ الیکشن کمیشن نے دائرہ اختیار اور سپریم کورٹ کی وضاحت آنے تک کیس کو زیر التوا رکھنے کی تحریک انصاف کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔