حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کا کہنا ہے کہ وقت آنے پر پتہ چلے گا ہم نے اسرائیل کو کتنا نقصان پہنچایا ۔
یاد رہے کہ اتوار کو حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل میں متعدد دفاعی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے اور عسکری تنظیم نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل میں 300 سے زائد راکٹ حملے کئے گئے ہیں۔
کارکنوں سے خطاب کے دوران سربراہ حزب اللہ حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ ہم نے فواد شکر کا بدلہ لینے سے پہلے جنگ بندی مذاکرات کو وقت دیا، اسرائیل نے کئی بار ہماری ریڈ لائن کراس کی، ہماری کوشش تھی کہ صرف عسکری اہداف کو نشانہ بنائیں۔
سربراہ حزب اللہ کا کہنا تھا کہ غلیلوت بیس ہمارا اولین ہدف تھا جو تل ابیب سے ڈیڑھ کلومیٹردور ہے، ہم نے گولان کی پہاڑیوں میں اسرائیلی بیرکوں کو بھی نشانہ بنایا، دشمن ہماری کامیابیوں کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔
حسن نصر اللہ کا کہنا تھا کہ وقت آنے پر پتہ چلے گا ہم نے اسرائیل کو کتنا نقصان پہنچایا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسرائیل کے خلاف اپنے اسٹریٹجک میزائل استعمال ہی نہیں کیے، آنے والے وقت میں اسرائیل پر وہ میزائل بھی آزمائیں گے ۔