صوبائی وزیر قانون کا کہنا ہے کہ سرغنہ بدنام زمانہ ڈاکو بشیرشرمارا گیا ہے،شہید پولیس ملازمین کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
لاہور میں صوبائی وزیر قانون ملک صہیب احمد بھرت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کچےمیں ڈاکوؤں کے خلاف بھرپورآپریشن جاری ہے، پولیس کی بھاری نفری ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن کررہی ہے آئی جی پنجاب، سیکریٹری داخلہ آپریشن کی نگرانی کررہےہیں۔
ملک صہیب احمد بھرت کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ سرغنہ بدنام زمانہ ڈاکو بشیرشرمارا گیا ہے، کچے میں موجود آخری قاتل کابھی پیچھا کیا جائے گا، وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے ڈاکوؤں کے سر کی قیمت مقررکردی ہے،پولیس شہدا کی قربانیوں کو بھول نہیں سکتے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں انتہائی افسوسناک سانحہ پیش آیا جہاں ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس کی دو گاڑیوں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 12 اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق 2 پولیس موبائلوں میں 20 سے زائد پولیس اہلکار سوار تھے اور ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد واپس جا رہے تھے،پولیس کی گاڑیاں بارش کے پانی میں پھنس گئی تھیں اور ڈاکوؤں نے گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے لئے راکٹ لانچرز کا استعمال کیا ۔