ملِکہ کوہسار مری کا قدرتی حسن بڑھانے کیلئے گرین پاکستان انیشیٹیو کے تحت 24 اگست سے شجر کاری مہم کا اعلان کردیا گیا۔
گرین پاکستان انیشیٹیو کے تحت محکمہ ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ بورڈ، محکمہ جنگلات پنجاب اور پلانٹ فار پاکستان چوبیس اگست کو شجر کاری مہم کا آغاز کریں گے ۔
پوری تحصیل مری میں پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بیج کا چِھڑکاؤ کیا جائے گا ۔ لارنس کالج کے گرین یوتھ ایمبیسیڈرز بھی شجر کاری مہم کا حصہ ہوں گے ۔
مہم میں شہریوں ، نوجوانوں ، اقلیتوں اور خاص طور پر سیاحوں کو مدعو کیا گیا ہے ۔ عوام سے گذارش کی گئی ہے کہ سرسبز پاکستان اور مری کے حُسن کو دوبالا کرنے میں تمام پاکستانی ایک ذمہ دار شہری ہونے کا مظاہرہ کریں ۔
واضح رہے کہ محکمہ جنگلات پنجاب نے'' گرین پاکستان انیشیٹو'' کے تحت”سرسبز و شاداب پاکستان“کے وژن کے مطابق 77ویں یوم آزادی کے موقع پروسیع شجر کاری مہم کا آغازکیا، تاریخ میں پہلی بار ضلع چکوال کے پہاڑی علاقوں میں پیراگلائیڈرز تعینات کرکے 20ہزار سیڈ بالزپھیلائے گئے۔
گرین پاکستان انیشیٹو ’کے ”پلانٹ فار پاکستان“ پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے ایک ہی دن میں 30 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے۔
محکمہ جنگلات کی سربراہی میں 15 لاکھ، محکمہ تعلیم، صحت اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 14 لاکھ جبکہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر کی زیرنگرانی 1 لاکھ پودے لگائے گئے۔