ورلڈ کپ کے میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی، تین رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کوہلی اور راہول ٹیم کو منجدھار سے نکال کر لے گئے۔
بھارتی ٹیم کو آسٹریلیا کے 200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب صرف 2 رنز پر کپتان سمیت تین اہم بیٹرز پویلین لوٹ گئے، روہت شرما، ایشان کشن اور شریاس ائیر بغیر کوئی رن بنائے اپنی وکٹیں گنوا گئے۔
اس موقع پر کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے ٹیم کو سنبھالا، ویرات کوہلی کو اس وقت دوسری زندگی ملی جب مچل مارش نے صرف 12 رنز پر ان کا انتہائی آسان کیچ گرادیا۔
ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے 165 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی، کوہلی 85 کے انفرادی اسکور پر ہیزل ووڈ کی گیند پر لیبوشین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 116 گیندوں پر 6 چوکے شامل تھے۔
کے ایل راہول 115 گیندوں پر 97 رنز بنا کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، انہوں نے اننگز میں 8 چوکے اور دو چھکے لگائے۔
آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 اور مچل اسٹارک نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل ورلڈ کپ 2023 کے چنئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا صرف 5 رنز پر مچل مارش کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا، جس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور اسکور 74 رنز تک پہنچادیا۔
ڈیوڈ وارنر 46 اور اسٹیو اسمتھ 41 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو آسٹریلوی ٹیم سنبھل نہ پائی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، پوری ٹیم 49.3 اوورز میں 199 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے مارنوس لیبوشین 27، گلین میکس ویل 15، ایلکس کیری صفر، کیمرون گرین 8، پیٹ کمنز 15، مچل اسٹارک 28 اور ایڈم زمپا 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے رویندرا جڈیجا نے 3، کلدیپ یادیو اور جسپریت بومرا نے 2، 2 جبکہ سراج، پانڈیا اور ایشون نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔