استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی مرکزی مجلس عاملہ کااجلاس آئندہ ہفتے بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری بورڈ، مواصلات اور نجکاری عبدالعلیم خان کی زیر صدارت مختلف اضلاع کے پارٹی صدور کا اجلاس ہوا۔ جس میں مجلس عاملہ کا اجلاس آئندہ ہفتے بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیاسی مشاورت و اہم فیصلے متوقع ہیں۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں پارٹی کی تنظیم سازی مکمل ہو چکی، جس کے بعد رہنماؤں نے سیاسی سرگرمیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا، پارٹی اجلاس میں ہر ضلع میں آئی پی پی کے ٹکٹ ہولڈرز کو ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن کمیٹیوں میں شامل کرنے کی تجویز بھی سامنے آگئی۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ لیہ و دیگراضلاع میں پارٹی کے عہدیداروں کا جلد فیصلہ کیا جائے، پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر مضبوط بنا کر بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ پارٹی عہدیداروں کو عام شہریوں سے رابطہ اور ان کے مسائل کا ادراک کرنا ہوگا۔