نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے موجودہ موسم خریف کے دوران یوریا کھاد کی دستیابی اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومتوں کو مارکیٹ کی نگرانی میں مزید اضافے کی ہدایت بھی کر دی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت یوریا کھاد کی دستیابی پر اجلاس ہوا جس میں صنعت و پیداوار ، پٹرولیم ، تجارت اور اقتصادی امور کے وزرا نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں گندم کے لیے کھاد کی مقدار اور مناسب قیمت پر دستیابی یقینی بنانے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔
شرکا نے کہا کہ کھاد کی مستحکم قیمت کسانوں اور دیہی معیشت کے لیے اچھی خبر ہے، پیٹرولیم ڈویژن تمام کھاد کمپنیوں کو ربیع سیزن میں گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنائے، گیس کی مسلسل فراہمی سے کھاد کے پلانٹس پوری صلاحیت کے ساتھ چل سکیں گے۔
شرکا کا کہنا تھا کہ مناسب پیداوار اور بفر اسٹاک کے ساتھ یوریا بیگ کی قیمت بھی مستحکم رہے گی ۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں مارکیٹ کی نگرانی میں مزید اضافہ کریں اور کھاد کی قیمتیں برقرار رکھی جائیں تاکہ ناجائز منافع خوروں کو مصنوعی قلت کا موقع نہ مل سکے ۔