نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ 2 روز ملک بھر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق لاہور،سیالکوٹ،نارووال میں تیز بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے،دریائے چناب میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلابی ریلے متوقع ہیں،سیلابی ریلے مقامی ندی نالوں میں بھی طغیانی کا باعث بن سکتے ہیں۔
این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ رحیم یار خان،بہاولپور اور ملتان میں بھی بارشیں اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں پہاڑی طوفان کا خطرہ ہو سکتا ہے، قلات،زیارت،ژوب اور کوئٹہ میں بھی تیز بارش اور ہل ٹورینٹ کا امکان ہے اس کے علاوہ نواب شاہ اور سکھر میں چند مقامات پر اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام محکموں کو الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور کہا ہے کہ نشیبی علاقوں کے رہائشی چھتوں اور کھڑکیوں کو واٹر پروف بنائیں، برساتی پانی جمع ہونے سے روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔
لیڈ رسک اسیسمنٹ این ڈی ایم اے ڈاکٹر طیب شاہ نے کہا کہ ہوا کا کم دباؤ اس وقت شمال مشرقی پنجاب میں موجود ہے، اسی طرح وسطی اور جنوب مشرقی پنجاب میں بھی یہی صورتحال ہے ، بارش برسانے والا نظام شمال مغربی اور شمال مشرقی بلوچستان کے ساتھ شمالی سندھ میں بھی متحرک ہے،
لیڈ جی آئی ایس این ڈی ایم اے زہرا حسن نے کہا کہ کرنٹ جو اسپیل ہے وہ ناردرن سائیڈ پہ کافی سٹرانگ ہوگا جس کی وجہ سے رین فال ایکسپیکٹ کی جا رہی ہے، فی الحال ہمارے پاس بڑے دریاؤں میں کوئی اونچی درجے کا سلاب متوقع نہیں ہے لیکن جو اسپیل ہم 19 تاریخ تک دیکھ رہے ہیں اس میں دریائے چناب میں میڈیم لیول آف فلڈ ایکسپیکٹ کیا جا رہا ہے۔