سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی میں ارکان کی جانب سے سست انٹرنیٹ کے معاملے پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لئے جانے کی وجہ سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمیٹی کو آج وزارت کی جانب سے فائر وال کے معاملے پر ان کیمرا بریفنگ دی جانی تھی ، 2 روز پہلے جاری کمیٹی اجلاس میں ان کیمرا بریفنگ ایجنڈے میں شامل تھی مگر چودہ اگست کے روز جاری ترمیمی ایجنڈے سے معاملہ ہی اچانک ہٹا دیا گیا جس پر کمیٹی ارکان نے حیرانی کا بھی اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی کے ارکان کے حکام نے فائر وال سے متعلق سوال کیا جس پر سیکرٹری آئی ٹی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو معاملہ ایجنڈا میں نہیں اس کا کیسے جواب دوں؟ قائمہ کمیٹی اراکین نے فائر وال پر ان کیمرا بریفنگ اچانک ڈراپ ہونے پر حیرت کا اظہار کیا ۔
اراکین کے سوال پر چیئرپرسن پلواشہ خان نے ایجنڈے سے ڈراپ ہونے کی تصدق کی اور کہا کہ جی فائروال کو آج کے ایجنڈے سے نکال دیا گیا ہے۔