پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی بے دخلی پروگرام کے تحت کوئٹہ میں غیرقانونی طور پر مقیم 128 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ 38 افراد کے خلاف فارن ایکٹ کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح کوئٹہ میں بھی غیرقانونی طور پر مقیم غیرملکی باشندوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 33 ہزار غیر ملکیوں کو ڈیٹا اکھٹا کر لیا گیا ہے۔
کوئٹہ میں ان رجسٹرڈ غیر ملکیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ، پولیس کے مطابق مختلف علاقوں سے 128 غیر ملکیوں کو گرفتار،38 کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے، انہیں ڈی پورٹ کیا جائے گا۔ غیر ملکیوں کی جائیدادوں،کاروبار اور ملازمتوں سے متعلق بھی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔
دوسری جانب اسلام آباد کی نجی سوسائٹی نے غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو رہائش چھوڑنے کا حکم دے دیا۔نوٹس کے مطابق مالکان غیرقانونی طورپرمقیم افغان باشندوں سے گھر، فلیٹ خالی کرائیں، غیرقانونی افغان باشندے مقیم ہوئے تو مالکان کیخلاف کارروائی ہوگی۔