اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کےانٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔ عدالت نے دہشت گردی کیس کے ملزم احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت پر رہائی کا حکم دیدیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بینچ نے احمد وقاص کی ضمانت بعد از گرفتاری درخواست پر سماعت کی۔
احمد وقاص جنجوعہ کے وکیل نے دلائل میں کہا ان کےمؤکل کو گھر سےاٹھایا اور دو روز حبس بے جا میں رکھا گیا۔ عدالت میں کیس کیا تو کلاشنکوف برآمدگی کے مقدمہ اور احمد وقاص سے متعلق معلوم ہوا ، رؤف حسن اور دیگر کے مطابق ہمراہ گرفتاری ڈالی گئی ، رؤف حسن ضمانت پر رہا ہو گئے ہیں۔
عدالت کے استفسار پر سرکاری وکیل نے کہا کلاشنکوف اور 300 گرام بارود برآمد کرنا ہے ، درخواست ضمانت مسترد کی جائے۔ ڈویژن بینچ نےفریقین کا مؤقف سننے کے بعد احمد وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔