کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ تین روزہ عالمی فوڈ اینڈ ایگری نمائش اختتام پذیر ہوگئی، نمائش میں مجوعی طور پر 1.2 ارب ڈالر کے معاہدے طے پاگئے۔
نمائش کے اختتام پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو زبیر موتی والا نے دوران بریفنگ بتایا کہ گزشتہ نمائش کے مقابلے میں حالیہ نمائش میں تجارتی معاہدوں کی مالیت میں 200 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
زبیر موتی والا نے کہا کہ اس سال فوڈ اینڈ ایگری عالمی نمائش میں پاکستانی کمپنیوں کو 1.2 ارب ڈالر کے آرڈرز ملے جبکہ گزشتہ سال فوڈ اینڈ ایگری نمائش میں 41 کروڑ ڈالر کے آرڈرز ملے تھے۔ نمائش میں 7 ہزار بزنس ٹو بزنس میٹنگس کا ریکارڈ بھی قائم ہوا۔
نمائش میں 75 ممالک سے 800 غیرملکی خریداروں نے شرکت کی، نمائش میں پاکستانی کمپنیوں نے 500 سے زائد مصنوعات خریداروں کیلئے پیش کیں، نمائش میں چین سے سب سے بڑے 150 افراد پر مشتمل تجارتی وفدنےشرکت کی، سی فوڈ کے شعبے میں صرف چینی کمپنیز کے ساتھ 35 ملین ڈالر کے معاہدے ہوئے۔