وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ مسترد کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کی کوئی ضرورت نہیں۔ نو مئی کو جو ہوا وہ سب کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہے۔
وزیراطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کیسے کہہ رہے ہیں کہ ان کے لوگ حملوں میں ملوث نہیں ۔ ان کے پارٹی رہنماؤں نے اشتعال دلاکر فوجی تنصیبات پر حملے کرائے ۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کیا حسان نیازی بانی پی ٹی آئی کے بھانجے نہیں؟ یاسمین راشد بلوہ کرانے کیلئے لوگوں کو لے کر نہیں گئیں؟ شہریار آفریدی نے نہیں کہاکہ جی ایچ کیو جانا ہے؟ بانی پی ٹی آئی اب کیسے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ہمارے لوگ نہیں؟ یہ عدالتی ہتھوڑا استعمال کرکے ریلیف لینا چاہتے ہیں۔