اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے لاہور سے میاں چُنوں جاتے ہوئے راستے میں نماز فجر کی ادائیگی کیلئے رائیونڈ کے تبلیغی مرکز میں قیام کیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ہیرو ارشد ندیم پاکستان آمد کے بعد لاہور سے اپنے گاؤں میاں چنوں کیلئے روانہ ہوئے تو ان کے ہمراہ کئی گاڑیوں پر مشتمل قافلہ بھی تھا۔
راستے میں نماز فجر کا وقت ہونے پر انہوں نے تبلیغی مرکز میں نماز ادا کی، اس حوالے سے ان کے بڑے بھائی نے میڈیا کو بتایا کہ رائیونڈ مرکز رکنے کا ہم نے کہا تھا ان کے بھائی کا کہنا تھا کہ یہاں کچھ دیر قیام بعد میاں چنوں کیلئے روانہ ہوں گے۔
قبل ازیں پیرس اولمپکس میں 40 سال بعد پاکستان کو سونے کا تمغہ جتوانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم وطن واپس پہنچے تو لاہور ایئر پورٹ پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
پیرس اولمپکس کے ہیرو کو ایئر پورٹ سے ڈبل ڈیکر بس پر روانہ کیا گیا۔ ارشد ندیم نے ہاتھ ہلا کر عوام کو جواب دیا۔ ارشد دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ مانگا منڈی میں ناشتہ کیا۔ آبائی علاقے میاں چنوں میں بھی شایان شان استقبال کی تیاریاں کی گئی ہے۔ مختلف شہروں سے ان کے استقبال کیلیے آنے والے ہزاروں شہریوں نے ان کو دیکھ کر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جس کا انہوں نے ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔