پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے جیولین تھرور ارشد ندیم پاکستان واپس پہنچ گئے ہیں اور وطن واپسی پر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ہے۔
قومی ہیرو ارشد ندیم کا طیارہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر لینڈ ہوا تو اسے واٹر کینن سلیوٹ پیش کیا گیا۔
اس سے قبل ارشد ندیم کو پاکستان لانے والا طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو ٹریفک کنٹرول نے طیارے کو خوش آمدید کہا۔
اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی جیولین تھرور ارشد ندیم استنبول سے پاکستان کے لیے روانہ ہوئے اور علامہ اقبال ائیرپورٹ لاہور پہنچے جہاں ان کے استقبال کے لئے ان کے والد سمیت فیملی کے دیگر ممبران اور وفاقی اور صوبائی وزراء بھی موجود تھے ۔
وفاقی وزیراحسن اقبال،چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود، سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق اور شزا فاطمہ نے قومی ہیرو کو پھولوں کے ہار پہنا کر حکومت کی جانب سے انکا ائیرپورٹ پر استقبال کیا۔
ائیرپورٹ اسٹیٹ لاؤنج میں ارشدندیم کے والد بھی موجود تھے، انہوں نے بیٹے کو گلے لگایا اور پھول کے ہار پہنائے۔
احسن اقبال
وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آج ارشد ندیم کا استقبال کرنے آئے ہیں ، ارشد نے دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم بلند کیا ہے اور ارشد نے ثابت کیا وسائل نہ ہونے پر جذبہ سے خواب پورا کرسکتے ہیں۔
سعدرفیق
وزیر کے معاون خصوصی سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی کامیابی پر ہر پاکستانی کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔
رانا مشہود
رانا مشہود کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم پاکستان کا اسپورٹس ایمبیسیڈر ہے۔
عظمیٰ بخاری کی گفتگو
لاہور ائیرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم قوم کا ہیرو ہے اسے ویلکم کرنے آئے ہیں، ارشد ندیم کی فیملی کے 100 ممبرز بھی ایئرپورٹ پہنچ چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ارشد ندیم کے اہلخانہ کے لیے کھانے کا بندوبست کیا گیا ہے، ارشد ندیم لاہور ایئرپورٹ سے براہ راست میاں چنوں جائیں گے۔
انتظامات
لاہور ائیرپورٹ پر ارشد ندیم کی تصاویر والے بڑے بورڈز پہنچائے گئے جبکہ ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے ارشد ندیم کو ویلکم کرنے کا بورڈ استقبالیہ کیمپ پر آویزاں کیا گیا۔
لاہور ائیرپورٹ پر سکیورٹی کی صورتحال سے نپٹنے کے لئے پنجاب پولیس کے اہلکار بھی تعینات کیے گئے جبکہ خواتین پولیس اہلکار بھی لاہور ائیرپورٹ پر موجود تھیں۔
علاوہ ازیں ارشد ندیم کی سکیورٹی کے لیے کمانڈوز بھی تعینات کئے گئے ۔
ارشد ندیم کی آمد کے لئے الگ سے آرائیول اسٹیٹ گیسٹ کھولا گیا ۔
پنجاب پولیس کا بینڈ
لاہور ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کو ویلکم کے لئے پنجاب پولیس کا بینڈ بھی پہنچاجس نے قومی ہیرو کے طیارے سے باہر نکلنے کے بعد مختلف دھنیں بکھیریں ۔
سابق کرکٹر مشتاق احمد بھی ائیرپورٹ پر ارشد ندیم کے استقبال کے لئے پہنچے ۔۔
ارشد ندیم کے سابق کوچ فیاض بخاری اور ساتھی جیولن تھرور یاسر سلطان بھی لاہور ائیرپورٹ پہنچے۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر
ارشد ندیم کو ویلکم کرنے ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر وجاہت حسین علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچے جہاں گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ بڑی مشکل سے آج دن گزارا ہے ویلکم کرنے کے لئے بے تاب ہیں، ارشد ندیم کے اگلے مقابلوں کے لئے ایتھلیٹکس فیڈریشن مزید سہولیات دے گی، ارشد ندیم پہلی چنگاری ہیں ابھی تمام ایتھلیٹس کو سنوارنا ہے ۔