سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آئین اور ملک کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے، ملکی سیاسی نظام کو مستحکم رکھا جائے نقصان نہ پہنچایا جائے، شہباز شریف نے کہا تھا معیشت اٹھاؤں گا لیکن وزیر اعظم معیشت نہیں اٹھا سکے ۔
مردان میں کسان کنونش سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا گھر ہے، اس میں ترقی اور خوشحالی جے یو آئی لائے گی، آئین اور ملک کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ اللہ ہمارے ساتھ ہے دنیا کی کوئی طاقت ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے چین کو آمادہ کرنے کی کوشش کی، چین نے کہا پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں ، امن وامان بھی نہیں، چین گئے تھے تسلیم کریں آپ کامیاب ہو کر واپس نہیں آئے، ان مشکلات میں ہم نے ملک کو بچانا ہے ، طاقتور دیکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کی گندم تیار تھی لیکن پھر بھی باہر سے غیر معیاری گندم منگوائی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ پرعوام کو اعتماد نہیں، عوام نے ووٹ کس کو دیا اور پارلیمنٹ میں کون بیھٹا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت زمین بوس ہوچکی ہے، چین نے دنیا سے تجارت کیلئے پاکستان کا راستہ اپنایا لیکن جب چین کی 70 سالہ دوستی معاشی دوستی میں بدلنے لگی تو مغربی دنیا نے اسکے خلاف سازش کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ اور مغربی دنیا کی ترجیحات ملکوں کو توڑنا ہے۔