پیرس اولمپکس میں پہلی پوزیشن کیلئے امریکا اور چین کی جنگ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیرس اولمپکس اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔ پہلی پوزیشن کیلئے امریکا اور چین کی جنگ جاری ہے، دونوں ممالک نے 33،33 طلائی تمغے جیت لیے۔ مجموعی طور پر امریکا کے 111 جبکہ چین کےکھلاڑی 83 میڈلزجیت سکے ہیں۔
آسٹریلیا 18 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے اورجاپان سولہ طلائی تمغوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ مینزفٹبال ٹائٹل اسپین کے نام رہا۔ فائنل میں ہسپانوی ٹیم نے فرانس کو شکست دی۔
واضح رہے کہ پیرس میں جاری اولمپکس 2024 اب اپنے اختتام کے قریب ہے اور انڈیا نے چار کانسی اور ایک چاندی کا تمغہ جیتا ہے جبکہ پاکستان کی جانب سے ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ جیتا ہے۔ مجموعی طور پر انڈیا نے پیرس اولمپکس 2024 میں پانچ جبکہ پاکستان نے صرف ایک تمغہ جیتا لیکن اس کے باوجود پاکستان اولمپکس میڈل ٹیبل پر انڈیا سے آگے ہے۔
اولمپکس کے 13ویں روز کے اختتام پر پاکستان 53ویں نمبر پر ہے جبکہ انڈیا پانچ تمغے جیتنے کے باوجود پاکستان سے 11 درجے نیچے 64 ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کی انڈیا پر برتری حاصل کرنے کی وجہ اولمپکس کی انتظامیہ کا وہ نظام ہے جس کے تحت درجہ بندی سونے کے تمغوں کے اعتبار سے کی جاتی ہے۔