پاکستان اور مشرقی افریقا کے ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں گزشتہ مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سالانہ بنیادوں پر مشرقی افریقی ممالک کوپاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیاد پر41 فیصد اوران ممالک سے درآمدات میں 19 فیصداضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2024 کے دوران کینیا، ماریشیس، تنزانیہ اور مشرقی افریقا کے دیگر ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 918.75 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2023 کے مقابلے میں 41.31 فیصدزیادہ ہے، مالی سال2023 میں مشرقی افریقی ممالک کوبرآمدات سے ملک کو650.14 ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواتھا۔
زیرجائزہ عرصے کے دوران جون 2024 میں مشرقی افریقی ممالک کوپاکستانی برآمدات کاحجم 54.46 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جومئی میں 92.71 ملین ڈالر اورگزشتہ سال جون میں 48.88 ملین ڈالرتھا۔
اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران مشرقی افریقا کے ممالک سے درآمدات میں سالانہ بنیاد پر19.21 فیصداضافہ ریکارڈکیاگیا، مالی سال 2024 میں مشرقی افریقی ممالک سے درآمدات کاحجم 940.22 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو مالی سال 2023 میں 788.69 ملین ڈالرتھا، جون میں مشرقی افریقا کے ممالک سے درآمدات پر63.03 ملین ڈالرکازرمبادلہ خرچ ہواجومئی میں 73.99 ملین ڈالراورگزشتہ سال جون میں 40.08 ملین ڈالر تھا۔