استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے صدر اور وفاقی وزیر سرمایہ و نجکاری عبدالعلیم خان نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ’’ شاباش!
32 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے پر ایتھلیٹ ارشد ندیم کو مبارکباد اور خراجِ تحسین۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ماشاءاللہ! ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
لازمی پڑھیں۔ قومی ہیرو ارشد ندیم نے 32 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوادیا
ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے جیولن تھرو کے اولمپکس مقابلوں کا 118 سالہ ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کی۔
خصوصی پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی محنت اور لگن قابل ستائش ہے، ایسے نوجوان ہمارا فخر ہیں۔
یاد رہے کہ فرانس میں جاری پیرس اولمپکس 2024 میں پاکستان کے اتھلیٹ اور قومی ہیرو ارشد ندیم نے پاکستان کو جیولین تھرو کے مقابلے میں گولڈ میڈل دلواتے ہوئے اولمپکس کی 118 سالہ تاریخ بدل دی ہے۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم انفرادی مقابلوں میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلوانے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں جبکہ اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے دوسرے جنوبی ایشین ایتھلیٹ ہیں۔
1984 اولمپکس کے بعد اور ہاکی کے علاوہ پاکستان کا یہ پہلا گولڈ میڈل ہے جبکہ اولمپکس کی تاریخ میں پاکستان کا 11 واں میڈل ہے۔