بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے بنگالی عوام کیلئے پیغام جاری کر دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر محمد یونس نے بنگالی عوام کے نام پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ بہادر طلبا کو مبارکباد جنہوں نے ہمیں آزادی دلائی، تحریک کی حمایت کرنے پر بنگلا دیشی عوام کو بھی مبارکباد دیتا ہوں ، ہماری کوئی غلطی اس فتح کو نقصان نہ پہنچائے، میری اپیل ہے کہ تباہی نہ پھیلائیں اور املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، اس ملک کو اگلی نسل کے لیے بچانا ہماری ذمہ داری ہے، تشدد ہم سب کا دشمن ہے، اس دشمن سے دور رہیں، پر امن رہیں اور ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔
بنگلہ دیش کے آرمی چیف نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت جمعرات کو حلف اٹھائے گی، جمعرات کی شام 8 بجے عبوری حکومت کی حلف برداری ہوگئی، عبوری حکومت کو فوج کی مکمل حمایت حاصل ہوگی، ایڈوائزری کونسل میں 15 ارکان ہوں گے۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو ملک میں ہونے والے ہنگاموں اور مظاہروں میں شدت کے باعث حسینہ واجد نے عہدے سے استعفیٰ دیا اور بھارت فرار ہو گئیں ۔