بھارت کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ پیر کو بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے بہت مختصر نوٹس پر انڈیا آنے کی درخواست کی۔ وزیر خارجہ نے پہلی بار یہ بتایا ہے کہ استعفیٰ دینے کے بعد شیخ حسینہ واجد گذشتہ روز انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی آئیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ نے کہا کہ انڈیا کو بنگلہ دیش میں امن عامہ کی بحالی سے متعلق گہری تشویش ہے۔انھوں نے کہا اس پیچیدہ صورتحال کے تناظر میں ہم نے اپنی سرحد پر موجود فورسز کو انتہائی چوکس رہنے کی ہدایات دی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کی صورتحال سے متعلق ہم ڈھاکہ میں موجود حکام سے رابطے میں رہے۔‘
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ شیخ حسینہ نے صحیح کس وقت پر انڈیا آنے کی درخواست کی تھی۔ وزیر خارجہ نے ابھی یہ نہیں بتایا کہ اب اگلا مرحلہ کون سا ہوگا اور یہ کہ شیخ حسینہ واجد کتنے وقت تک انڈیا میں رکی رہیں گی۔ انھوں نے صرف اتنا کہا کہ وہ وقتی طور پر انڈیا میں ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بنگلہ دیشی وزیراعظم حسینہ واجد عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد ہیلی کاپٹر پر بھارت روانہ ہو گئیں تھیں ۔