اسرائیلی مظالم، طویل محاصرے اور مسجد الاقصیٰ کی بار بار بے حرمتی کے خلاف فلسطینیوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا، غزہ کی پٹی سے اسرائیلی کے خلاف شدید رد عمل سامنے آگیا، حماس نے اعلان جنگ کردیا۔ زمینی، سمندر اور راکٹ حملوں میں 200 یہودی ہلاک ہوگئے اور 1100 سے زائد زخمی ہوگئے، درجنوں افراد کو یرغمال بنالیا گیا۔ اسرائیلی بربریت میں 250 سے زائد فلسطینی شہید اور دو ہزار کے قریب زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق فلسطینی مجاہدین نے ’’الاقصی فلڈ‘‘ کے نام سے آپریشن شروع کردی، صیہونی ریاست پر 20 منٹ میں 5 ہزار راکٹ برسا دیئے، درجنوں عمارتیں اور گاڑیاں زد میں آگئیں، جگہ جگہ آگ بھڑک اٹھی۔
حماس کے جنگجوؤں نے اسرائیلی شہروں میں داخل ہوکر سرحدی چھاؤنی پر بھی قبضہ کرلیا جبکہ درجنوں اسرائیلی فوجی قیدی بنالئے گئے، گلی گلی لڑائی جاری ہے، اسرائیلی فوج کے مطابق 50 سے زائد افراد مختلف عمارتوں میں گھس گئے، حماس نے مغربی کنارے کے فلسطینیوں سے بھی ہتھیار اٹھانے کی اپیل کردی۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ایمرجنسی سروس نے تصدیق کی کہ حماس کے حملوں میں کم از کم 40 افراد ہلاک اور 700 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ حملوں کے بعد ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
حماس کے عسکری ونگ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مسلح گروپ نے اسرائیل کے خلاف ایک نیا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے۔ محمد دیف نے ایک غیر معمولی بیان میں کہا کہ ”آپریشن الاقصی طوفان“ شروع کرنے کیلئے ہفتے کی علی الصبح اسرائیل پر 5 ہزار راکٹ داغے گئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے کہا کہ اِس وقت جنگی صورتحال کا سامنا ہے، اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے سیکیورٹی حکام کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی کے طیاروں نے بھی غزہ کی پٹی پر بمباری شروع کردی۔
اسرائیل فوج کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ حماس نے کئی فوجیوں اور اسرائیلی شہریوں کو قیدی بنالیا ہے، تاہم ان کی اصل تعداد سے متعلق ابھی کچھ نہیں بتاسکتے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بمباری میں 200 سے زائد فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔
غزہ حکام کے مطابق اسرائیل کے فضائی حملوں میں 198 فلسطینی شہید ہوئے ہیں جبکہ 1600 سے زائد زخمی ہیں۔
اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے غزہ میں بلاتفریق بمباری کی جارہی ہے، عام فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، گزشتہ کئی سالوں سے محصور غزہ میں دواؤں اور بنیادی ضروری اشیاء کی پہلے ہی قلت ہے اور موجودہ صورتحال میں حالات مزیددگرگوں ہوگئے ہیں۔
اسرائیل نے غزہ کی بجلی کاٹ دی، غزہ کے شہری بجلی سے محروم ہوگئے۔
اسرائیلی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا گیا
ایرانی میڈیا کے مطابق فلسطینی فورسز نے 35 اسرائیلی فوجیوں کو جنگی قیدی بنا لیا، اسرائیل نے غزہ کے قریب واقع ائیرپورٹ سے انخلاء شروع کردیا، لڑاکا طیاروں کو ٹرکوں کے ذریعے ائیرپورٹ سے منتقل کیا جارہا ہے۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ فلسطین کے مغربی کنارے میں جشن کا سماں ہے، رام اللہ میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
ترجمان حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملہ عرب ممالک کے لیے پیغام ہے، عرب ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں اسرائیل سے تعلق توڑ دیں، اسرائیل ایسی ریاست ہے جو امن پر یقین نہیں رکھتی۔ اسرائیل کبھی اچھا ہمسایہ نہیں بن سکتا یہ دشمن ملک ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی 6 ہلاکتوں کی تصدیق ہوگئی ہے جبکہ مختلف شہروں میں 200 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں ریجنل کونسل کا صدر بھی شامل ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اعلان جنگ کردیا، کہا ہم کسی آپریشن میں نہیں جنگ میں جارہے ہیں