جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ آزادی کشمیر کی تحریک کشمیر کی آزادی پر ہی ختم ہوگی۔
یوم استحصال کشمیر کے موقع پر دھیرکوٹ آزاد کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ظلم کی داستان 70 سال کی نہیں صدیوں پر مشتمل ہے، ہندوستان کو بتانا چاہتا ہوں تاریخ نے جبر توڑے ہیں، تمہارا جبر بھی ٹوٹے گا اور فتح و کامرانی مجاہدین کے قدم چومے گی۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے غلط فیصلہ کیا کشمیر کی آئینی تبدیل حیثیت کی، ہمارے حکمرانوں نے غلطی کی اس پر خاموشی اختیار کی، پاکستان کے عوام پاکستان کے جوان کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، پاکستانی قوم کبھی کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گی۔
مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو یہ گھمنڈ ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی تبدیل کریں گے ، میں مودی کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ جو مرضی کر لو وہاں پر تم اپنا قبضہ قائم نہیں رکھ سکتے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم امریکہ کی غلامی میں آزادی ڈھونڈ رہے ہیں ، ہمیں اپنی تاریخ یاد رکھنی ہو گی، آج امریکہ انسانی حقوق کی بات کرتا ہے کس حقوق کی بات کر رہا ہے؟، نو ماہ کے اندر چالیس ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور دس ہزار ملبے کے نیچے دبے ہیں لیکن امریکہ اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ امریکہ کس منہ سے انسانی حقوق کا علمبردار بنا ہوا ہے ؟ ۔