انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق بیٹر گراہم تھورپ 55 برس کی عمر میں چل بسے۔
انگلش کرکٹ بورڈ ( ای سی بی ) کی جانب سے جاری بیان میں انگلینڈ اور سرے کلب کے سابق بلے باز گراہم تھورپ کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔
گراہم تھورپ نے 1993 اور 2005 کے درمیان انگلینڈ کے لیے 100 ٹیسٹ کھیلے اور بطور بیٹنگ کوچ بھی فرائض سرانجام دیئے۔
تھورپ 2022 میں افغانستان کے ہیڈ کوچ کے طور پر نامزد کیے جانے کے فوراً بعد شدید بیمار ہو گئے تھے۔
اپنے کیریئر کے دوران تھورپ نے 16 سنچریوں کے ساتھ 6744 ٹیسٹ رنز بنائے جبکہ کاؤنٹی کے لیے تقریباً 20,000 رنز سکور کیے۔
ای سی بی نے ایک بیان میں کہا انتہائی افسوس کے ساتھ یہ خبر شیئر کرتے ہیں کہ گراہم تھورپ کا انتقال ہو گیا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ گراہم کی موت پر جو گہرا صدمہ ہم محسوس کرتے ہیں اسے بیان کرنے کے لیے کوئی مناسب الفاظ نہیں ہیں۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے گراہم تھورپ کو اب تک کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک بلے باز قرار دیا۔
تھورپ نے 1993 میں ٹرینٹ برج میں آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو پر سنچری بنائی تھی، وہ 1990 اور 2000 کی دہائی کے اوائل میں انگلینڈ کے سب سے بڑے ٹیسٹ بلے باز بننے کے ساتھ ساتھ ایک قابل اعتماد ون ڈے کھلاڑی بھی بنے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے بھی گراہم تھورپ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔