چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے خیبر پختونخوا میں جوڈیشنل افسران کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی فل پروف یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی زیر صدارت ٹانک میں ججوں کے قافلے پر حملے کے واقعہ پر سیکیورٹی اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پشاور ہائی کورٹ کے ججوں، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوا اورایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے شرکت کی۔
پولیس افسران نے شرکاء کو سیکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی اور بتایا کہ ڈی آئی خان ٹانک روڈ انتہائی حساس اور دہشت گردوں کے لئے آسان ٹارگٹ ہے،اجلاس میں رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ کی نگرانی میں ججوں کی سیکیورٹی بہتر بنانے کے لئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ ہوا ۔کمیٹی ججوں کی سیکیورٹی پروٹوکول کا جائزہ لے گی۔
چیف جسٹس نے ہائیکورٹ کی جانب سے ٹانک ججوں پر حملے کے دوران شہید پولیس اہلکاروں کی خاندانوں کے لئے چالیس لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ۔انہوں نے عدالتی افسران کی حفاظت کے لئے سیکیورٹی فل پروف بنانے کی سختی سے ہدایت کی ۔