صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے۔
یوم ِاستحصال کشمیر کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آج مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضہ مستحکم کرنے کی مہم کو 5 سال ہو رہے ہیں، بھارت نے 5 سال قبل مقبوضہ کشمیر میں متعدد یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات کئے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو بدلنےکیلئے مسلسل مہم کا آغاز کر چکا ہے،5 اگست اور اس کے بعد تمام اقدامات بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کے سب سے زیادہ عسکریت زدہ علاقوں میں سے ایک ہے، بھارتی قانون سازی اور عدالتی فیصلے کشمیری عوام کی منصفانہ جدوجہد کو دبا نہیں سکتے، گزشتہ 7 دہائیوں سے کشمیری عوام اقوام متحدہ کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرائے۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔