وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔
اتوار کو وزیر اعظم شہباز شریف سے چین کے دورے سے آنے والے صحافیوں کے 7 رکنی وفد نے ملاقات کی اور وزیر اعظم کو دورہ چین کے دوران تجربات اور پاک چین تعلقات کے متعلق خیالات سے آگاہ کیا۔
وزیرا عظم کو وفد نے بتایا کہ چین پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وفد نے حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر شہبازشریف کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا اور بتایا کہ چینی عہدیداران سے ملاقات میں معاشی شراکت داری اور سی پیک پر خصوصی گرم جوشی کا تاثر ملا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی، ترقیاتی منصوبوں پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو سیاست کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کام کرنا چاہیے۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ خود سے یہ عہد کیا ملکی ترقی پر اپنی تمام ترتوانائیاں مرکوز کروں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کیلئے تمام تر اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں ، چین جیسے دیرینہ دوست کے ساتھ تعلقات پر سیاست کی کسی بھی قسم کی گنجائش نہیں، سی پیک کے دوسرے مرحلے پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چینی ماہرین کے حالیہ دورے میں مختلف شعبوں میں تعاون کے مزید فروع پر مثبت پیشرفت ہوئی۔