سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے کئی اہم مقدمات کی سماعت ہو گی۔ سپریم کورٹ میں اہم عدالتی ہفتہ 5 اگست سے شروع ہوگا، شریعت اپیلٹ بینچ میں پیر سے مقدمات کی سماعت کا آغاز ہوگا۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں شریعت اپیلٹ بینچ دہائیوں پرانے مقدمات سنے گا، تو صحافیوں کو ہراساں کئے جانے پر از خود نوٹس کی سماعت بھی ہو گی۔ مخصوص نشستوں کے کیس میں تفصیلی فیصلہ بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔
کاز لسٹ کے مطابق 5 اگست سے 8 اگست تک چیف جسٹس کی سربراہی میں پانچ رکنی شریعت اپیلٹ بینچ کے سامنے 20 مقدمات مقرر۔ 35 سال پرانی شریعت اپیلیں سنی جائیں گی۔ الیکٹورل نظام کے غیر اسلامی ہونے سے متعلق 1989 کی ایک اپیل بھی شامل ہے۔
سپریم کورٹ میں آٹھ اگست کو صحافیوں پر تشدد اور انہیں ہراساں کئے جانے پر سوموٹو کیس کی سماعت ہو گی۔۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں بینچ نے سینئر صحافی ابصار عالم پر حملے، اسد طور پر تشدد اور مطیع اللہ جان کو اغوا کئے جانے کے مقدمات میں پیشرفت رپورٹ مانگ رکھی ہے
پانچ اگست سے شروع ہونے والے ہفتے کے دوران ہی نیب ترامیم کالعدم قرار دینے کے فیصلے کیخلاف حکومتی اپیل پر فیصلے کا بھی امکان ، جبکہ عدالت عظمیٰ سے مخصوص نشستوں کے کیس میں تفصیلی فیصلہ بھی جاری ہو سکتا ہے۔