خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں دو قبائل کے درمیان زمین کے تنازع پر ہونے والی جھڑپیں 7 روز بعد ختم ہوگئیں۔
ڈپٹی کمشنر کرم کے مطابق فریقین سے مورچے خالی کرانے کے بعد سکیورٹی فورسز کے اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں ۔ ضلع کرم کے 5 مقامات پر کل رات سے کسی قسم کی فائرنگ نہیں ہوئی جب کہ امن کے لیے مزید کوششیں جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق پاراچنار، پشاور شاہراہ ساتویں روز بھی ہرقسم کی آمدورفت کےلیے بند ہے۔ جسکی وجہ سے کسانوں، مسافروں اور تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ علاقے میں پولیس اور سیکیورٹی کی بھاری نفری موجود ہے جبکہ کشیدہ حالات کی وجہ سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ 6 روز کے دوران جھڑپوں میں اب تک 49 افراد جاں بحق اور 200 زخمی ہوئے ہیں۔