وفاقی حکومت نے شہریوں کو نوسربازوں سے محتاط رہتے ہوئے اپنے اکاؤنٹس کی معلومات کسی سے شیئر نہ کرنےکی ہدایت کردی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے نوسربازی کے انسداد کے لیے وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو مراسلہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نوسرباز شہریوں کے اکاؤنٹس سے دھوکے سے رقم نکالنے میں ملوث ہیں، نوسرباز جعلی سرکاری لینڈ لائن نمبرز کے ذریعے متحرک ہیں، نوسربازخود کوبینک ملازم ظاہر کرکے شہریوں سے اوٹی پی اور دیگر معلومات حاصل کرتے ہیں۔
مراسلے میں صارفین کو اپنے اکاؤنٹس کی حساس معلومات شیئر نہ کرنے اور لاٹری اسکیموں، انعامی اسکیموں کے جعلی میسجز سے ہوشیار رہنےکی ہدایت کی گئی ہے۔
حکومت نے انٹرنیٹ بینکنگ ایپلی کیشنز، واٹس ایپ اور ای میل اکاؤنٹس کے لیے دوہرا تصدیقی نظام اپنانے کی سفارش کی ہے اور کہا ہے کہ ایپلی کیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے سے پہلے ان کی تفصیلات چیک کرلی جائیں۔