پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ اور اپوزیشن اتحاد کے رہنما محمود اچکزئی نے کہا ہے کہ ہمارے احتجاج کے دوران کوئی گملہ نہیں ٹوٹے گا، حکومت گڑ بڑ نہ کرے اور اگر کسی نے ہماری بات نہ مانی تو ہم سے گلا نہ کیا جائے۔
اسلام آباد میں اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں اسد قیصر، علامہ راجہ ناصر عباس اور لطیف کھوسہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان بحران میں مبتلا ہے، ہمارا اتحاد آئین کی بالادستی کیلئے بنا ہے، موجودہ حکومت زور کے طریقےسے آئی ہے۔
محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کو کہنا چاہتے ہیں ہم کسی کو برا بھلا کہنے نہیں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا کہتے ہیں تو ہمیں دکھ ہوتا ہے، شہبازشریف کو خود کہنا چاہیے تھا بانی پی ٹی آئی کو رہا کرتے ہیں توانہیں کوئی اعتراض نہیں۔
علامہ راجہ ناصر عباس
اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ کیا عوام کے حق اور آئین کی بات کرنا غداری ہے، کیا قانون کی بالادستی کی بات کرنا غداری ہے، یہ ہارا ہوا لشکر ہے ، یہ ہار چکے ہیں، ہم ان بزدلوں سے نہیں ڈرتے۔
علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ظلم کی سیاہ رات ختم ہو کر رہے گی، بانی پی ٹی آئی آزاد ہیں ، ہمارے دلوں میں رہتے ہیں ،یہ لوگ قیدی ہیں، بانی پی ٹی آئی آئیں گے اور ان کی بساط لپیٹ دی جائے گی، عوام سے گزارش ہے جمعہ کو بانی پی ٹی آئی اورغریبوں کیلئے نکلنا ہے۔
اسد قیصر
پی ٹی آئی رہنما اور رکن قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ جمعہ کو پُر امن طور پر نکلیں گے، ہمارا مطالبہ ہے بانی پی ٹی آئی ، بشریٰ بی بی اور دیگر کارکنان کو رہا کیا جائے، مہنگائی اور ٹیکسوں کیخلاف جمعہ کو نکلنا ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ آئین کی بحالی کیلئے نکلیں گے، ان کے پاس جعلی مینڈیٹ ہے ، ان کیخلاف نکلیں گے۔
لطیف کھوسہ
رکن قومی اسمبلی لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ آزاد عدلیہ کیلئے آخری دم تک ان کے ساتھ کھڑے ہیں، آج بھی سپریم کورٹ کے جج نے کہا ان کے بچوں کی ویڈیوز وائرل کی گئیں، یہ اتحاد آزاد عدلیہ کے ساتھ کھڑا ہے۔
لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ یہ ہم سے مخصوص نشستیں نہیں چھین سکتے، آپ 25 کروڑ عوام پر حکمرانی نہیں کرسکتے، توقع ہے جمعہ کو پوری قوم نکلے گی۔