وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مسلسل دوسرے روز عالمی ریٹنگز ایجنسیز کے نمائندوں کے ساتھ زوم میٹنگ کی ہے جس کے دوران پاکستان کے بہتر ہوتے معاشی اشاریوں اور بین الااقومی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف ) سے نئے قرض پروگرام کے متعلق آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے ریٹنگ ایجنسی موڈیز کے نمائندوں کو بتایا جون میں پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 9 ارب 40 کروڑ ڈالر رہے جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی بہترین ہے ۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ افراطِ زر کی شرح کم ہو کر 12 اعشاریہ 6 فیصد اور غیرملکی ترسیلات زر میں 7 اعشاریہ 7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ ہوا، ٹیکس وصولیاں تیس فیصد بڑھیں اور اب تک ڈیڑھ لاکھ کے قریب تاجر پہلی بار ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ ہوچکے ہیں ۔
محمد اورنگزیب نے بتایا کہ آئی ٹی کی برآمدات 3 بلین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئیں ہیں ۔
وزیر خزانہ نے توانائی کے شعبے اور ریاستی ملکیتی اداروں میں جاری اصلاحات کے متعلق بھی اگاہ کیا ۔
وزارت خزانہ کے مطابق موڈیز کے نمائندوں نے پاکستان کے معاشی اقدامات کو سراہا ۔
یاد رہے کہ پیر کو وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فچ ریٹنگز ایجنسی کے نمائندوں سے بھی تفصیلی زوم میٹنگ کی تھی ۔