سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے رویے سے مطمئن نہیں ہیں، ہم سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کر رہے ہیں ان کو بھی کرنا ہوگا۔
سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سربراہ سنی اتحاد کونسل حامد رضا کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کے دفتر پر ایسے چھاپا مارا جیسے کوئی دہشتگرد چھپا بیٹھا ہے، یہ گرفتاریاں انتہائی تشویشناک ہیں، ہمیں قائمہ کمیٹی اجلاس میں معلوم ہوا وہاں بھی معاملہ اٹھایا۔
سربراہ سنی اتحاد کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد الیکشن کمیشن کا کام ہے، ہمارے 40 ایم این ایز کے بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع ہو گئے ہیں، اب الیکشن کمیشن کے عملدرآمد کا انتظار ہے۔
حامد رضا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مخصوص نشستوں کی درخواست مانگے گا تو دیں گے، فل کورٹ بینچ کا فیصلہ نہ مانا گیا تو یہ گھناؤنا مذاق ہوگا، اگر فیصلہ نہ مانا گیا تو میری نظر میں پھر سپریم کورٹ اور آئین سب ختم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بیان حلفی کی لسٹیں دینے کا 15 دن کا ٹائم تھا ، پنجاب کے بیان حلفی کی لسٹیں 78 فیصد تک جمع ہو چکی ہیں، خیبر پختونخوا کے بھی بیشتراور سندھ کے 9 بیان حلفی جمع ہوگئے ہیں۔