پاکستان نے فرینکفرٹ میں اپنے قونصل خانے پر شرپسندوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ جرمن حکام سفارتی مشنز اور عملے کی حفاظت یقینی اور شرپسندوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ جرمن حکام کی قونصل خانہ کے تقدس اور تحفظ میں ناکامی بھی قابل مذمت ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ویانا کنونشن کے تحت قونصل خانوں کی حفاظت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے، میزبان حکومت کی یہ بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سفارت کاروں کی سلامتی یقینی بنائے، کل کے واقعے سے قونصل خانے کے عملے کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ روز کے واقعے نے فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کی سلامتی خطرے میں ڈال دی، جرمنی کی حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں، جرمن حکومت ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریاں پورا کرے، جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی یقینی بنائی جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز افغانی احسان فراموشی کی تمام حدیں پار کرگئے۔ پاکستان کے احسانات اورمہمان نوازی بھول گئے۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر حملہ کر دیا۔ پتھراؤ کیا، پرچم اتار کر بے حرمتی کی کوشش کی۔
خیال رہے کہ ماضی میں بھی افغان شہریوں کے پاکستانیوں پر حملوں کے واقعات پیش آچکے ہیں ۔ کرکٹ میچز کے دوران افغان شائقین شکست پر پاکستانی شائقین کو تشدد کا نشانہ بناچکے ہیں۔