سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کے بیان کی تردید کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے پر بات ہوئی، لیکن ہم نے کے پی اسمبلی تحلیل کرنےکی کوئی بات نہیں کی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اسد قیصر نے سربراہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان سےٹیلی فونک رابطہ کیا اورخیبرپختونخوا اسمبلی کے تحلیل ہونے سے متعلق ان کے بیان کا معاملہ اٹھایا۔
اسد قیصر نے موقف اختیار کیا کہ آپ سے ملاقات میں کے پی اسمبلی تحلیل کرنےکی کوئی بات نہیں کی، ملاقات میں ملک میں نئے انتخابات کا مطالبہ کرنے پر بات ہوئی تھی،پی ٹی آئی اور جے یو آئی ملک میں نئے انتخابات پر یکساں مؤقف رکھتی ہیں،دونوں جماعتیں سمجھتی ہیں مجودہ بحران سے نکلنے کا واحد حل نئےشفاف انتخابات ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے بھی خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل سے متعلق بات نہ کرنے کی تصدیق کردی، کہ مولانا سے کسی بھی ملاقات میں ایسی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔