پوٹھوہار ریجن میں تیل اور گیس کی پیداوار شروع کردی گئی، جس سے یومیہ 550 بیرل آئل اور 0.8 ایم ایم ایس سی ایف ڈی گیس ملے گی۔
تیل و گیس کی تلاش کرنے والی فرم پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے پنجاب کے علاقے پوٹھوار میں واقع ایک نئے کنویں آدھی ساؤتھ 8 کنویں سے ہائیڈرو کاربن کی پیداوار شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ملک میں قدرتی گیس فراہم کرنے والے اہم ادارے ای اینڈ پی نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
پی پی ایل اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ادھی ساوتھ 8 میں انتالیس فیصد، او جی ڈی سی ایل کے پچاس فیصد اور پاکستان آئل فیلڈ لمیٹڈ کے گیارہ فیصد شیئرزہیں۔
اعلامیے میں کہنا تھا کہ ادھی ساوتھ آٹھ ویل میں تین ہزار چارسوساٹھ میٹر گہرائی تک کی کھدائی کی گئی ہے، سپلائی شروع ہونے کے بعد انرجی امپورٹ میں کمی اور غیرملکی زرمبادلہ کی بچت ہوگی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں پی پی ایل نے سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع لطیف بلاک میں دریافت ہونے والے کنویں ٹور ون سے گیس کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔ پچھلے سال پی پی ایل نے ادھی ساؤتھ 6 کنویں سے ہائیڈرو کاربن کی پیداوار شروع کی تھی۔