ٹی وی اینکر عائشہ جہانزیب نے عدالت میں بیان دیتےہوئےکہا کہ فیملی معززین کے ساتھ کچھ شرائط طےہوئی ہیں لہذا شوہر حارث کی ضمانت منظور پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔
تفصیلات کےمطابق ایڈیشنل سیشن جج ارشد محمود نے ملزم حارث علی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی ۔ دوران سماعت عائشہ جہانزیب عدالت میں پیش ہوئیں اور کہا کہ ہماری فیملی معززین کے ساتھ کچھ شرائط طے ہوئیں ہیں لہذا ملزم کی ضمانت منظور ہونے پر کوئی اعتراض نہیں ۔
جج نے کہا کہ کیا آپ اپنی مرضی سے صلح کررہی ہیں ؟ عائشہ نے کہا کہ یہ جو بھی ہوا ہے بہت ظلم ہے کسی عورت کے ساتھ ایسا نہیں ہونا چاہیے لیکن جو بھی معززین نے فیصلہ کیا ہے میں اسکو مانتی ہوں ، میں ضمانت کی حد تک کیس کی پیروی نہیں کرنا چاہتی ہوں ، گواہان کی موجودگی میں یہ فیصلہ ہوا ہے ۔
عدالت نے مدعیہ کے بیان کی روشنی میں ملزم حارث کی ضمانت منظور کرلی ، ملزم کے خلاف تھانہ سرور روڑ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا ہے۔
عائشہ جہانزیب نے سما سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں شوہر سے خلع لینے کے لئے کیس فائل کرنے جا رہی ہوں ، اور بچوں کی حوالگی کا کیس بھی جلد عدالت میں دائر کروں گی ، شوہر کے ساتھ اب رہنا ممکن نہیں ہے۔
اینکر کے وکیل نے کہا کہ شوہرسے بچوں کی حوالگی پرمعاہدہ فیملی معززین کی موجودگی میں طے پاچکا ہے کہ وہ عدالت میں حوالگی کیس کی پیروری نہیں کریں گے ۔