تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور تمام ارکان کو 20 جولائی تک مستعفی ہونے کی مہلت دے دی۔ مستعفی نہ ہونے کی صورت میں 21 جولائی کو چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مرکز اورچاروں صوبوں سے ریفرنس دائرکیے جائیں گے، بلوچستان سے پی ٹی آئی کے صوبائی صدر ریفرنس دائر کریں گے۔ کے پی کے حکومت خود ریفرنس میں فریق ہوگی۔
دوسری جانب آج اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین تحریک اںصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ سے اپنے فیصلے پرعملدرآمد کرانے کی اپیل کی، ایڈہاک ججزکی تعیناتی کو بدنیتی قراردیتے ہوئے معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل لے جانے کا اعلان کردیا۔ بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تعیناتی مخصوص نشستوں کے فیصلے پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔
اس موقع پر قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کردیا۔ کہا سپریم کورٹ کی ہدایات کے پرخچے اڑائے جا رہے ہیں اور توہین عدالت کی جارہی ہے۔ چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ اور اس کے تمام کمشنرز فوری استعفیٰ دے، ورنہ ان کے خلاف ارٹیکل 6 کی کارروائی کرنی چاہیے۔