پاکستان نے بنوں میں دہشتگرد حملے کیلئے افغان سرزمین کے استعمال پر افغان سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
بنوں کینٹ میں دہشتگردوں کے حملے میں افغان سرزمین کے استعمال پر پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل ظاہر کیا گیا ہے اور افغان سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا گیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بنوں دہشت گرد حملہ افغانستان میں موجود حافظ گل بہادر گروپ نے کیا، ایسے واقعات دونوں برادر ممالک کے باہمی تعلقات کی روح کے بھی خلاف ہیں۔
پاکستان نے افغانستان کے اندر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا دہشت گرد تنظیمیں پاکستان کی سلامتی کو مسلسل خطرے میں ڈال رہی ہیں، بنوں حملے کے ذمہ داروں کے خلاف کابل فوری ، ٹھوس اور مؤثر کارروائی کرے۔
دفتر خارجہ نے یہ بھی دو ٹوک کہا کہ دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے عزم کی تکمیل میں افغانستان ثابت قدمی دکھائے اور اپنی سرزمین پر موجود دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن ایکشن لے۔