جسٹس مشیرعالم نے بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ جانے سے معذرت کرلی۔
نمائندہ خصوصی سماء سے گفتگو میں جسٹس مشیرعالم نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سپریم کورٹ میں دوبارہ بطور ایڈہاک جج نہیں جاسکتا، جسٹس مشیرعالم نے فیصلے سے جوڈیشل کمیشن کے سربراہ اورارکان کوآگاہ کردیا۔
ذرائع کے مطابق جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود اورجسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل نے سپریم کورٹ کا ایڈہاک جج تعیناتی پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ رجسٹرار سپریم کورٹ کو جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر کی جانب سے تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں ایڈہاک ججز کی تقرری کے لیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب کرلیا گیا، اجلاس چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے طلب کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 19جولائی کو سپریم کورٹ میں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کہ ایڈہاک ججز کے لیے سپریم کورٹ کے 4 ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کئے گئے ہیں اور جوڈیشل کمیشن اجلاس میں ایڈہاک ججز کے ناموں پر غور ہوگا۔ چاروں ریٹائرڈ ججز کے نام چیئرمین جوڈیشل کمیشن چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تجویز کیے ہیں۔
ایڈہاک ججز کے لیے جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود کے نام تجویز کیے گئے ہیں تاہم جسٹس مشیرعالم نے بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ جانے سے معذرت کرلی۔