پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اسد قیصر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت آرٹیکل 6 سمیت جو اختیار ہے استعمال کریں،ہم مقابلہ کریں گے۔
وزیراطلاعات عطاتارڑ کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ یہ جس عدالت میں جانا چاہتے ہیں، شوق سے جائیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد انکے پاؤں تلے سے زمین نکل چکی۔ حکومت سے روزانہ غلطیاں ہورہی ہیں، جو کچھ ہورہا ہے شہبازشریف کے کہنے پر ہورہا ہے۔
دوسری جانب شبلی فراز نے وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس مضحکہ خیز قرار دے دی ۔ بولے تحریک انصاف کو روکنے کا کوئی اور طریقہ نہیں ملا تو اب پابندی پر اتر آئے ہیں ۔ یہ بھی کر کے دیکھ لیں ۔ عدالت قانون کے مطابق فیصلہ کرے گی ۔ کہا ملک نا اہلی کی تصویر بنا ہوا ہے ۔ حکومت توجہ ملک پر دیں ۔ انکی توجہ چوبیس گھنٹے تحریک انصاف پر لگی ہے
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیل دائر کرنے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا۔
عطاتارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت تحریک انصاف پرپابندی عائد کروانے جارہی ہے، حکومت پاکستان تحریک انصاف پرپابندی کی درخواست کرےگی، وفاقی حکومت پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا کیس کرےگی، پی ٹی آئی پرپابندی لگانے کیلئے سپریم کورٹ میں کیس دائرکریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے پر آرٹیکل6 لگتا ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق صدر عارف علوی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کیخلاف آرٹیکل 6 لگانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، آرٹیکل 6لگانے کاریفرنس سپریم کورٹ میں بھیجا جائے گا۔