گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جرمن اراکین پارلیمنٹ کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں بدامنی سے خطے میں بدامنی ہوگی جس سے عالمی امن متاثرہوگا۔
گورنرخیبرپختونخوا سے ملاقات کرنے والے جرمن پارلیمنٹرینز کے وفد کی قیادت جرمن پارلیمنٹ کے سینئیر ممبر مائیکل ملر کررہے تھے۔
ملاقات کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جرمنی کے پاکستان میں سماجی ترقی ،جمہوری اقدار کے فروغ کیلئے اقدامات لائق ستائش ہیں، گورنر خیبرپختونخوا گندھارا تہذیب کا مرکز ہے خطہ میں امن سے یہاں معاشی ترقی ہوگی،پرامن افغانستان پرامن پاکستان ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں،افغانستان کے حالات براہ راست میرے صوبے پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں امن کی صورتحال پریشان کن ہے جس سے عوام کا اپنی قیادت سے اعتماد ختم ہورہا ہے۔
جرمن وفد کے سربراہ مائیکل ملر کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کریں گے کہ جرمنی اور عالمی برادری پاکستان میں قیام امن اور سرحد پار مداخلت روکنے میں کردار ادا کرسکیں۔
انھوں نے کہا کہ جرمن ادارے خیبرپختونخوا میں عوامی ترقی کے حوالے سے مزید تعاون کریں گے وفد میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی جرمنی کی سینئر ممبر رکن پارلیمنٹ دیریا ترک نچبار شامل تھیں۔