سعودی عرب نے فیفا ورلڈ کپ 2034 کی میزبانی کے لیے خواہش کا اظہار کیا ہے۔سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے اس امر کی تصدیق کی گئی ہے کہ سعودی عرب سال 2034 کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کا خواہاں ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس حوالے سے کہا کہ میزبانی کا ارادہ اس امر کی واضح دلیل ہے کہ مملکت نے ہمیشہ دنیا میں امن و محبت کے پیغام کو پھیلایا ہے۔ امن وسلامتی کے پیغام کو پھیلانے کے لیے کھیل اس کے سب سے اہم اورنمایاں پہلوؤں میں سے ایک ہے کیونکہ اس کے ذریعے مختلف نسلوں اورثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو آپس میں ملنے کا موقع ملتا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب نے 2018 سے سپورٹس پرخصوصی توجہ دی ہے۔ اب تک 50 سے زائد انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے جن میں فٹبال، گالف، ڈیجیٹل اسپورٹس، ٹینس، گھڑ سواری و دیگر سپورٹس ایونٹ شامل ہیں جن کی عالمی سطح پرمملکت نے میزبانی کی۔
اس موقع پر سعودی وزیر سپورٹس اورسعودی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی کے چیئرمین شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے کہا گزشتہ برسوں کے دوران سعودی قیادت کی جانب سے غیرمعمولی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں مملکت نے عالمی سطح پرنمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ سپورٹس کے شعبے میں اس کی بھرپورعکاسی ہوتی ہے۔
سعودی فٹبال فیڈریشن کے نگران یاسر بن حسن المسحل نے کہا ’شاہ سلمان اورولی عہد کی جانب سے جس طرح اسپورٹس کی سرگرمیوں خاص طورپر فٹبال کو سپورٹ حاصل ہوئی ہے۔ سعودی فٹبال نے عالمی سطح پرنمایاں مقام حاصل کیا ہے۔