خیبر پختونخوا کابینہ نے صوبائی اسمبلی کی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کی منظور کردہ قرار داد پر عمل درآمد کے لئے اسے وفاقی حکومت کو بھجوانے کی منظوری دے دی ۔
خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس پشاور سول سیکرٹریٹ میں وزیر اعلی علی امین گنڈہ پور کی صدارت میں ہوا ۔صوبائی کابینہ نے صوبائی اسمبلی کی دو قراردادیں وفاقی حکومت کو بھجوانے کی منظوری بھی دی۔
اسمبلی کی قرار داد نمبر دو میں ایم پی اے محمد یامین کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان اور دیگر سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ایم پی اے احمد کنڈی کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد نمبر چار میں مسئلہ فلسطین کو حل کرنے کے لئے وفاقی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطین کے تنازعے کو حل کرنے کے لئے بین الاقوامی برادری سے رابطہ کاری کرے اور اس معاملے پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کے لئے اقدامات کرے۔