مہنگائی میں مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ ریکارڈکیا گیاہے ، سالانہ شرح صفر اعشاریہ ایک ایک فیصد بڑھ کر 23.33 تک پہنچ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے زندہ مرغی کی قیمت 53 روپے فی کلو گرام اضافے کے ساتھ 369 روپے ہو گئی۔ تین سو نوے گرام خشک دودھ 56روپے تک مہنگا ہوا۔ پاوڈر ملک کی قیمت928 سے 984 روپے تک پہنچ گئی۔
تازہ دودھ دو روپے کلو مہنگا ہوا اور اوسط قیمت 139 روپے ریکارڈ کی گئی۔ دال چنا فی کلو گیارہ روپے تک مہنگی ہوئی اور اوسط قیمت 330 روپے رہی، دال مونگ اور دال مسور کی فی کلو قیمت میں 4 روپے تک اضافہ ہوا۔ چینی ایک روپے فی کلو مہنگی ہوئی اور اوسط قیمت 146 روپے ریکارڈ کی گئی ۔ جلانے کی لکڑی، چاول، ایل پی جی گھریلو سلنڈر اور گوشت بھی مہنگا ہوا ۔ البتہ گزشتہ ہفتے ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں چالیس روپے تک کمی آئی۔ فی درجن کیلے چار روپے اور بیس کلو آٹےکا تھیلا 36روپے تک سستا ہوا۔