ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سانحہ 9 مئی پر ہم اپنے قوانین اور آئین کی بالا دستی کے لیے پرعزم ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ 9 مئی کو ہونے والی بدامنی پر ہم نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان ایک قانون اور آئین رکھنے والا ملک ہے اور 9 مئی پر ہم اپنے قوانین اور آئین کی بالا دستی کے لیے پرعزم ہیں۔
اسرائیلی حملوں کی مذمت
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیلی افواج کی غزہ میں 4 سکولوں پر حملوں کی مذمت کرتا ہے، اسرائیلی قابض افواج نے اپنے عمل سے عالمی قوانین کی توہین اور عدم سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔
یوم شہدا کشمیر
انہوں نے کہا کہ رواں ہفتے 93 واں یوم شہداء کشمیر منایا جا رہا ہے، اس روز 22 کشمیریوں کو ڈوگرا افواج نے شہید کیا، ڈوگرا افواج کی طرز پر بھارتی قابض افواج نے ہزاروں کشمیریوں کو گزشتہ دہائیوں میں شہید کیا ، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی اخلاقی امداد جاری رکھے گا، ہم شہید برہان احمد وانی کو تحریک کشمیر کا آئیکن سمجھتے ہیں۔
ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری
انہوں نے بتایا کہ ایران کے صدر کی تقریب حلف برداری کی تفصیلات کا انتظار ہے، تفصیلات موصول ہوتے ہی شرکت کی تفصیلات جاری کریں گے۔
افغان مہاجرین
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کی مختلف کیٹیگریز موجود ہیں، وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کے لیے پی او آر میں ایک برس کی توسیع کر دی ہے، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے والا ہے، ابتداء میں واپس بھیجے جانے والے غیر قانونی غیر ملکیوں کی تعداد کافی زیادہ تھی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایف آر پی پاکستانی قوانین پر عملدرآمد کے لیے ہے، آئی ایف آر پی کے تحت متعدد ممالک کے غیرقانونی غیرملکیوں کو ڈی پورٹ کیا گیا اور پاکستان مرحلہ وار آئی ایف آر پی کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے، آئی ایف آر پی کا پہلا مرحلہ گزشتہ کئی ماہ سے جاری تھا، یہ آپریشن ضروری دستاویزات کے بغیر پاکستان میں مقیم غیر قانونی شہریوں کے خلاف تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان سیکیورٹی اور دفاع کے حوالے سے تعاون کی پرانی تاریخ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عاصم افتخار احمد کی اقوام متحدہ مستقل مشن میں تقرری کا فیصلہ حکومت پاکستان کا ہے۔